کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 23 فیصد، عید کے دوران گھروں میں قربانی پر پابندی عائد

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 23 فیصد، عید کے دوران گھروں میں قربانی پر پابندی عائد
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 23 فیصد، عید کے دوران گھروں میں قربانی پر پابندی عائد

کراچی: کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 23 فیصد ہونے پر سندھ حکومت نے ایکشن لے لیا، عیدالاضحیٰ کے دوران گھروں میں قربانی کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہرِ قائد میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی شرح 23فیصد تک جاپہنچی جس پر سندھ حکومت نے بڑی عید سے قبل شہریوں کو بڑی وارننگ جاری کردی ہے۔

سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ اگر شہری سماجی فاصلے اور ماسک پہننے سمیت دیگر ایس او پیز کا خیال نہیں رکھیں گے تو کورونا کے مریضوں کیلئے ہسپتالوں میں جگہ باقی نہیں بچے گی۔

ایس او پیز کا خیال نہ کرنے پر صورتحال خطرناک ہوسکتی ہے۔ سندھ حکومت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ اگر پابندیوں سے بچنا چاہتے ہیں تو احتیاط کریں۔ کورونا پر سیاست نہ کی جائے۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے صوبے بھر میں قربانی کے جانوروں کے گھروں میں ذبح کرنے پر پابندی عائد کردی۔ حکومت نے رہائشی علاقوں سے دور مخصوص جگہوں اور قربان گاہوں کو استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمۂ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ عید کی نماز کھلی جگہ یا میدان میں ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ ادا کی جائے۔ بچے، بوڑھے اور بیمار افراد کو گھروں پر رہنا چاہئے، نماز کی ادائیگی کیلئے باہر نہ نکلیں۔ 

ایس او پیز کی پابندی کی ہدایت کرتے ہوئے محکمۂ داخلہ سندھ نے کہا کہ ماسک پہنے بغیر کوئی شخص عید گاہ میں داخل نہیں ہوسکتا۔ شہری سماجی فاصلے اور دیگر ایس او پیز کا سختی سے اہتمام کریں۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافے کے باعث لاک ڈاؤن بھی لگایا جاسکتا ہے۔ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ معاشی مسائل کے حل کیلئے ایس او پیز کی پابندی بے حد ضروری ہے۔ 

خیال رہے کہ اِس سے قبل سندھ حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد  ایک بار پھر اِن ڈور ڈائننگ ،اسکول ،تفریحی پارکس، واٹر پارکس، سی ویو، ہاکس بے، کینجھر ،سنیما ، انڈور جمز اور انڈور کھیل بند کرنے کا فیصلہ کیا۔

صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں گزشتہ ہفتے بتایا گیا کہ سندھ میں مختلف قسم کے 356 کیسز 12 جولائی 2021 تک سامنے آئے، سندھ میں برطانوی قسم کے 92، جنوبی افریقہ 162، برازیلین 29، بھارتی 66، پی ون کے 3، اور وائلڈ ٹائپ کا ایک کیس سامنے آچکا ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ میں دوبارہ پابندیاں، سینماء ملازمین اوراساتذہ گزربسر کیسے کرینگے؟

Related Posts