جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے منسوب خاتون کے ساتھ ملاقات اور گلے ملنے کی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو حقیقت کے برعکس نکلی۔ فیکٹ چیکنگ ادارے نے ویڈیو کو مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کردہ جعلی مواد قرار دے دیا۔
فیکٹ چیکنگ ادارے آئی ویریفائی پاکستان کی تحقیق کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے کلپ میں معروف اداکار معمر رانا کی اصل ویڈیو کو تبدیل کرکے ان کی جگہ مولانا فضل الرحمٰن کا چہرہ شامل کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 12 نومبر 2026 کو مختلف سوشل میڈیا صارفین نے مذکورہ ویڈیو ایکس اور فیس بک پر شیئر کی جس کے ساتھ مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف تنقیدی اور منفی تبصرے بھی کیے گئے۔دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیو وائرل ہوگئی جبکہ ایک سوشل میڈیا پوسٹ کو ایک لاکھ 58 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔
آئی ویریفائی پاکستان کے مطابق ویڈیو کی حقیقت جاننے کے لیے اصل فوٹیج کی تلاش اور مختلف ڈیجیٹل ذرائع سے جانچ پڑتال کی گئی۔ اس دوران وائرل کلپ میں نظر آنے والی خاتون کی شناخت کے لیے ریورس امیج سرچ کا سہارا لیا گیا جس کے نتیجے میں پاکستانی اسٹیج اداکارہ مہک ملک کی 26 مارچ 2026 کو اپ لوڈ کی گئی ایک ٹک ٹاک ویڈیو سامنے آئی۔
اصل فوٹیج میں مہک ملک کو اداکار موامر رانا کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ دونوں ویڈیوز کا تقابلی جائزہ لینے پر خاتون کے لباس، کمرے کے پس منظر اور صوفے سمیت متعدد تفصیلات یکساں پائی گئیں جس سے واضح ہوا کہ وائرل ویڈیو دراصل اصل کلپ میں ڈیجیٹل تبدیلی کرکے تیار کی گئی۔
تحقیق کے دوران وائرل ویڈیو میں چہرے کے قریب غیر معمولی سیاہ نشان اور دیگر بصری خامیاں بھی نوٹ کی گئیں تاہم مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کی شناخت کرنے والے بعض ٹولز اس حوالے سے کوئی قطعی نتیجہ فراہم نہیں کرسکے۔
فیکٹ چیکنگ ادارے نے دستیاب شواہد کی بنیاد پر مولانا فضل الرحمٰن سے متعلق وائرل ویڈیو کو بے بنیاد اور جعلی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ واقعہ حقیقی نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ تبدیل شدہ ویڈیو ہے۔
اصل ویڈیو کا لنک:
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








