عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے فیول سبسڈی مرحلہ وار ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ مستقبل میں مالی معاونت صرف مستحق افراد تک محدود اور مقررہ مدت کے لیے ہونی چاہیے۔
عرب نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں آئی ایم ایف کے ترجمان نے بتایا کہ ادارے نے 7 اکتوبر کو ہونے والے اسٹاف لیول معاہدے میں فیول سپورٹ اسکیم ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ آئی ایم ایف کے مطابق موجودہ سبسڈی کا دائرہ ضرورت سے زیادہ وسیع ہے اس لیے اسے مرحلہ وار ختم کیا جائے اور آئندہ ایسی معاونت مالی سال 2027 کے بجٹ میں شامل رکھی جائے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے ستمبر میں کم آمدنی والے موٹر سائیکل سواروں کیلئے فیول سبسڈی اسکیم متعارف کروائی تھی جس کے تحت موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کو ہفتہ وار 500 روپے کا پیٹرول ٹوکن دیا جاتا ہے جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت معاشی بحالی کی کوشش کر رہا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی کے مطابق رکھنے کا وعدہ کر چکا ہے۔
ترجمان نے مشرق وسطیٰ کی جنگ کو پاکستان کے لیے ایک بڑا معاشی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ خلیجی ممالک سے تیل اور گیس کی درآمد پر انحصار کے باعث عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ نے ملکی معیشت کو متاثر کیا ہے۔
ان کے مطابق اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد رہی، جو ستمبر کے 10.3 فیصد کے مقابلے میں کم ہے تاہم تیل کی قیمتوں میں مسلسل تبدیلی معاشی صورتحال کو مزید متاثر کر سکتی ہے۔
آئی ایم ایف نے پاکستان پر معاشی استحکام برقرار رکھنے، سرکاری اداروں میں اصلاحات اور توانائی کے شعبے کی بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھنے پر بھی زور دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








