پاکستان کی مالیاتی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبوں نے وفاق کو 57 ارب 46 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ فراہم کردی جو رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت دی گئی۔
دستیاب دستاویزات کے مطابق اس بار وفاق کی جانب سے صوبوں کو مالی معاونت دینے کے بجائے صوبوں نے وفاقی حکومت کو گرانٹ فراہم کی ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں چاروں صوبوں سے مجموعی طور پر ایک ہزار 35 ارب روپے کی گرانٹ حاصل کرنے کا معاہدہ کیا گیا ہے۔ اس میں پنجاب کا حصہ 555 ارب 70 کروڑ، سندھ کا 263 ارب 70 کروڑ، خیبر پختونخوا کا 157 ارب جبکہ بلوچستان کا حصہ 58 ارب 60 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رقم فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی گزشتہ سال کی وصولیوں سے زائد حاصل ہونے والی آمدن کی بنیاد پر فراہم کی جا رہی ہے۔ اسے وفاقی بجٹ میں نان ٹیکس ریونیو کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے۔
آئین کا آرٹیکل 164 این ایف سی ایوارڈ سے الگ ہے جس کے تحت وفاق اور صوبے ایک دوسرے کو رضاکارانہ طور پر کسی بھی مقصد، بشمول قومی مفاد، کے لیے گرانٹ دے سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








