اسلام آباد: پاکستان کی ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جسے ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی 2026 میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے 3 ارب 63 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر وطن بھیجیں۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جولائی 2025 کے مقابلے میں ترسیلاتِ زر میں 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جون 2026 کے مقابلے میں بھی جولائی کے دوران 4.5 فیصد بہتری آئی۔ ملک کو سب سے زیادہ ترسیلاتِ زر سعودی عرب سے موصول ہوئیں، جہاں سے 91 کروڑ 39 لاکھ ڈالر بھیجے گئے۔
اسی طرح سمندر پار پاکستانیوں نے متحدہ عرب امارات سے 73 کروڑ 73 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 55 کروڑ 55 لاکھ ڈالر جبکہ امریکا سے 31 کروڑ 72 لاکھ ڈالر پاکستان منتقل کیے۔
وزیراعظم کا اظہارِ تشکر
وزیراعظم شہباز شریف نے جولائی میں 3.6 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلاتِ زر موصول ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ بنیاد پر ترسیلاتِ زر میں 13 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 4.5 فیصد اضافہ خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کے استحکام میں اہم اور مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانی قومی معاشی دھارے کا قیمتی حصہ ہیں اور ان کی جانب سے مسلسل ترسیلاتِ زر ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا امر ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








