میر رضا قتل: مشکوک گیسٹ ہاؤس سیل ، 19 افراد شامل تفتیش کرلیے گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی میں نوجوان تاجر میر رضا علی کے پراسرار قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے گلستانِ جوہر میں واقع اس مشکوک گیسٹ ہاؤس کو سیل کر دیا ہے، جس کا کیس سے تعلق سامنے آیا تھا۔ کارروائی کے دوران گیسٹ ہاؤس کے 6 ملازمین سمیت سوئفٹ کار میں وہاں آنے والے مزید 4 افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ  اب تک کیس میں مجموعی طور پر 19 افراد کو شاملِ تفتیش کیا جا چکا ہے۔ زیرحراست افراد سے نئی تشکیل دی گئی تحقیقاتی ٹیم بھی پوچھ گچھ کرے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تفتیش کا دائرہ ان افراد تک بھی بڑھایا جا رہا ہے جن سے میر رضا علی نے 28 جولائی کو رابطہ کیا تھا، خصوصاً وہ لوگ جنہیں اس روز آخری فون کالز یا پیغامات بھیجے گئے۔

رپورٹس کے مطابق تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا نے 28 جولائی کی رات 2 بج کر 13 منٹ اور 2 بج کر 16 منٹ پر علی نامی شخص سے فون پر بات کی، جبکہ ان کی آخری کال دوست عبداللہ نے ریسیو کی۔ دونوں کے درمیان تین منٹ سے زائد گفتگو ہوئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 25 سالہ تاجر میر رضا علی 28 جولائی کو لاپتہ ہوئے تھے۔ اگلے روز ان کی گولیوں سے چھلنی لاش گلستانِ جوہر میں شاہی قلعہ گراؤنڈ کے قریب جھاڑیوں سے برآمد ہوئی تھی۔تفتیش کاروں نے ابتدائی طور پر حادثے کو خودکشی کا رنگ دیا، تاہم مقتول کے والد نے اس تاثر کو مسترد کردیا تھا۔

Related Posts