ڈرائیور کی حاضر دماغی سے موبائل چور گرین بس میں قید! ملزم گرفتار، مسروقہ مال برآمد

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کے شہر رینالہ خورد میں گرین بس سروس کے دوران موبائل فون چوری کی واردات کے بعد ڈرائیور نے ایسی حاضر دماغی دکھائی کہ چور کو بس سے باہر نکلنے کا موقع ہی نہ مل سکا اور بالآخر وہ مسروقہ موبائل سمیت پولیس کے ہاتھ لگ گیا۔

تفصیلات کے مطابق گرین بس سروس میں سفر کے دوران ایک مسافر نے اپنا موبائل فون چوری ہونے کی شکایت کی۔ صورتحال کا فوری اندازہ لگاتے ہوئے بس ڈرائیور نے تمام دروازے بند کردیئے اور کسی بھی مسافر کو بس سے اترنے کی اجازت نہیں دی۔

ڈرائیور نے بس کو براہ راست تھانہ صدر رینالہ خورد پہنچا دیا جہاں پولیس نے بس میں سوار تمام مسافروں کی تلاشی لینا شروع کردی۔

تلاشی کے دوران پولیس نے موبائل فون چوری کرنے والے شخص کو شناخت کرکے گرفتار کرلیا جبکہ اس کے قبضے سے مسافر کا چوری شدہ موبائل فون بھی برآمد ہوگیا۔

پولیس نے کارروائی مکمل کرنے کے بعد برآمد کیا گیا موبائل فون اس کے اصل مالک کے حوالے کردیا۔ ڈرائیور کی بروقت کارروائی اور حاضر دماغی کے باعث چور کو بس سے فرار ہونے کا موقع نہ مل سکا اور موبائل فون بھی اپنے مالک تک واپس پہنچ گیا۔

Related Posts