میر رضا علی قتل کیس پر نئی تحقیقاتی ٹیم کا اجلاس آج، کیا والدین سے ملاقات بھی ہوگی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

میر رضا
(فوٹو: آن لائن)

کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا علی کے قتل کیس کی تحقیقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے کیس کی موجودہ تحقیقاتی ٹیم بھی تبدیل کردی گئی۔ نئی تحقیقاتی ٹیم کا اجلاس آج ہوگا اور ممکنہ طور پر تحقیقاتی ٹیم آج میر رضا علی کے والدین سے ملاقات بھی کرے گی۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ میر رضا کیس پر اہم اجلاس ہوا، جس میں تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔آئندہ موصول ہونے والی 2 میڈیکل رپورٹس کا بھی جوڈیشل کمیشن جائزہ لے گا، جبکہ مختلف رپورٹس میں سامنے آنے والے تضادات کے بارے میں فیصلہ کمیشن یا عدالت پر چھوڑ دیا جائے گا۔

اجلاس کے متعلق مزید بتاتے ہوئے وزیر داخلہ ضیا لنجار نے کہا کہ میر رضا کیس میں ابتدائی کرائم سین کو مطلوبہ طریقے سے محفوظ نہیں کیا گیا تھا، تاہم حکومت غیرجانبدارانہ انداز میں واقعے کے حقائق سامنے لانا چاہتی ہے۔کسی بھی کیس میں اگر ایک فیصد بھی شک موجود ہو تو تحقیقات 100 فیصد ہونی چاہییں۔

انہوں نے واضح کیا کہ آئی جی یا کسی بھی پولیس افسر کی رائے حتمی نہیں ہوتی اور تحقیقات تاحال جاری ہیں۔حکومت میر رضا کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور کیس کی تحقیقات ہائیکورٹ کے ججز سے کرائی جائیں گی۔ موجودہ صورتحال میں جوڈیشل کمیشن کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب کیس کی تحقیقاتی ٹیم میں بھی تبدیلی کردی گئی ہے اور ڈی آئی جی عامر فاروقی کو نئی ٹیم کی سربراہی سونپی گئی ہے۔وزیر داخلہ سندھ  نے کہا کہ میر رضا کے اہل خانہ کو بتایا گیا ہے کہ وہ جس پولیس افسر کو تحقیقاتی ٹیم میں شامل کرنے کی تجویز دیں گے، اسے ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔

تحقیقاتی ٹیم کا اجلاس

واضح رہے کہ میر رضا قتل کیس کی نئی تحقیقاتی ٹیم کا اجلاس آج 12 بجے ہوگا۔ ڈی آئی جی کرائمز اینڈ انوسٹی گیشنز سندھ عامر فاروقی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ تحقیقاتی کمیٹی کے سیکریٹری ایس ایس پی علی رضا بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

اس کے علاوہ ایس پی کورنگی اور ایس پی سینٹرل انوسٹی گیشنز بھی اجلاس میں اپنی شرکت یقینی بنائیں گے۔ کیس کے نئے تفتیشی افسر چوہدری غضنفر بھی تحقیقاتی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ کیس کا نئے سرے سے مکمل جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اجلاس کے بعد تحقیقاتی ٹیم ممکنہ طور پر میر رضا کے والدین سے بھی ملاقات کرے گی۔

Related Posts