شہرِ قائد میں شاپنگ مالز اور مارکیٹس رات 8 بج کر 30 منٹ پر بند کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی نے متعلقہ ڈی سیز کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی نے شہرِ قائد میں شاپنگ مالز اور مارکیٹس کو رات ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ دیا ہے۔
ہنگری کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت
وفاقی حکومت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر قیادت یہ فیصلہ کیا کہ توانائی کی بچت کیلئے مارکیٹس جلدی بند کی جائیں۔ کمشنر کراچی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں شادی ہالز اور ریسٹورنٹ رات 10 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
قبل ازیں وفاقی حکومت کی جانب سے چیف سیکریٹری سندھ کو خط لکھا گیا تھا، جس کے بعد کمشنر کراچی نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو احکامات جاری کیے کہ تمام تر معاملات کا جائزہ لیں۔
کمشنر کراچی کے جاری کردہ لیٹر میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ ڈی سیز تاجر برادری سے مذاکرات کریں۔ شادی ہالز اور ہوٹل ایسوسی ایشن والوں سے بھی رابطہ کریں۔ مارکیٹس رات 8 بج کر 30 منٹ پر بند کردی جائیں۔
ڈی سیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ کرکے شادی ہالز اور ریسٹورنٹ رات 10 بجے اور مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بج کر 30 منٹ پر بند کرنے کے حوالے سے رپورٹ مرتب کرکے ارسال کریں۔