سعودی عرب کی وزارتِ تجارت نے تجارتی ضوابط کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں کا نیا شیڈول منظور کرلیا ہے جس کے تحت بعض خلاف ورزیوں پر ایک لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر تجارت ماجد القصبی نے خلاف ورزیوں پر جرمانوں سے متعلق ضوابط کی منظوری دی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد تجارتی سرگرمیوں کو مقررہ قوانین کے مطابق چلانا اور صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
منظور شدہ ضوابط کے تحت اشیائے ضروریہ کے لیے مقرر کردہ قیمتوں کی خلاف ورزی پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔ اسی طرح دکانوں اور تجارتی مراکز میں فروخت شدہ سامان واپس یا تبدیل نہیں ہوگا کا نوٹس آویزاں کرنے پر ایک ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔
الیکٹرانک ادائیگیوں سے متعلق خلاف ورزیوں پر 200 سے ایک ہزار ریال تک جرمانہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ ادائیگی کے دستیاب ذرائع موجود ہونے کے باوجود صارف سے ان کے استعمال سے انکار کرنے پر 400 سے 2 ہزار ریال تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔ خلاف ورزی دہرانے کی صورت میں جرمانے کی رقم دگنی کردی جائے گی۔
قواعد کے مطابق خریدار کو رسید جاری نہ کرنا اور فروخت کے لیے پیش کی گئی اشیا پر قیمت درج نہ کرنا بھی قابلِ سزا خلاف ورزیوں میں شامل ہے۔
اس کے علاوہ رعایتی فروخت، سیلز مہمات اور تجارتی مقابلوں سے متعلق ضوابط کی پابندی نہ کرنے، نیز مصنوعات کے بارے میں غلط معلومات فراہم کرنے پر بھی کارروائی کی جاسکے گی۔ ان خلاف ورزیوں کے لیے 200 سے ایک ہزار ریال تک جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
وزارتِ تجارت کے منظور کردہ شیڈول میں مختلف تجارتی سرگرمیوں سے متعلق متعدد خلاف ورزیاں شامل ہیں جن پر مقررہ قواعد کے مطابق جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








