کراچی: 96افراد کے قتل میں ملوث ایم کیوایم لندن کاٹارگٹ کلرگرفتار

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

MQM target killer
کراچی: 96افراد کے قتل میں ملوث ایم کیوایم لندن کاٹارگٹ کلرگرفتار

کراچی میں اینٹی سٹریٹ کرائم فورس اور سولجر بازار پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر یوسف ٹھیلے والے کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ایسٹ اظفر مہیسر کا کہنا تھا کہ اینٹی اسٹریٹ کرائم اسکواڈ اور سولجربازار پولیس نے یوسف عرف تھیلے والا کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے ہینڈ گرینیڈ، ٹی ٹی پستول اور موٹرسائیکل برآمد کرلیا۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزم نے 30 افراد کو خود قتل کرنے کا اعتراف کیا اور وہ 66 لاشیں بھی ٹھکانے لگا چکا ہے، اس کے نیٹ ورک میں 40 سے زائد افراد ہیں، ملزم نے تفتیش میں اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی بتائے ہیں جب کہ ملزم نے اپنے بیان میں فاروق ستار سے رابطے کا دعویٰ بھی کیا۔

ملزم یوسف عرف ٹھیلے والے کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے، ٹارگٹ کلر ٹھیلے پر لاشوں کو ٹھکانے لگاتا تھا۔ گرفتار ملزم نے سنسنی خیز انکشافات کئے اور کہا سابق ایم کیو ایم سربراہ فاروق ستار نائن زیرو پر رہائش کا بندوبست کرواتے تھے، قیادت کے کہنے پر وارداتیں کرتا تھا۔

ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ گرفتار ملزم کا ٹارگٹ کلنگ گروپ 43 ٹارگٹ کلر پر مشتمل تھا، ٹارگٹ کلرٹیم نے 2 فوجی جوانوں کو قتل کیا، گروہ نے پاک فضائیہ، پولیس کے ایک ایک اہلکار کو قتل کیا، ایم کیوایم حقیقی کے 5 کارکن، سرکاری ملازم سمیت 2 افراد کوقتل کیا، مخبری کے شبے میں 12، بھتہ نہ دینے پرایک شہری کو قتل کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم نے 1995 میں ایم کیو ایم میں شمولیت کی اور پولیس کو انہوں نے بتایا کہ جس کے بعد یونٹ انچارج خالد صدیقی نے ٹارگٹ کلر ندیم عرف ماربل سے ملاقات کا انتظام کیا جنہوں نے اسلحہ چلانے کی تربیت دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے دوران تفتیشش انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے دیگر ساتھیوں ندیم عرف ماربل، ریاض عرف چچا، عظیم عرف چھوٹا، راشد عرف چھوٹا، عبدالسلام اور دیگر نے مل کر آصف اور کاشف نامی دو بھائیوں کو مومن آباد کے علاقے حنیف آباد سے اغوا کیا اور انہیں جاسوسی کے شبہے میں قتل کردیا جس کے بعد مقتولین کی والدہ نفسیاتی طور پر مسائل کا شکار ہوگئیں۔

ایس ایس پی ایسٹ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ملزم پہلی مرتبہ 1996 میں رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہوا تاہم ایک سال بعد رہا ہو گیا تاہم 1998 میں مومن آباد پولیس نے دو افراد کے قتل کے الزام میں دوبارہ گرفتار کرلیا جبکہ 2017میں بھی ملزم گرفتار ہوا تھااور اس وقت پےرول پرتھا۔

پولیس کے مطابق ملزم سمیت 50 ٹارگٹ کِلرز ایسے ہیں جو گرفتار ہو کر پے رول پر رہا ہوئے اور پھر لاپتہ ہوگئے،ملزم نے ضلع غربی میں دہشت گردی کا مرکز بنالیا تھا تاہم ان کے کئی ساتھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے جبکہ دیگر جیلوں میں ہیں اور چند مفرور ہیں۔

گرفتار ملزم یوسف نے میڈیا کو بتایا کہ وہ ڈاکٹر فاروق ستار سے بدستور رابطے میں رہتے تھے اور ان سے نائن زیرو میں ملاقات ہوتی تھی، ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں خالد صدیقی اور نہال نے ڈاکٹر فاروق ستار سے نائن زیرو میں ملاقات طے کی تھی اور فاروق ستار نے ان کی رہائش کے لیے عارضی طور پر ایک کمرے کا بندوبست کیا تھا۔

دوسری جانب ایم کیوایم بحالی کمیٹی کےسربراہ فاروق ستارنے خود پر لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے اپنے خلاف سازش قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ میں کسی زمانے میں نائن زیرو کا نگران نہیں رہا، یا تو عامر خان رہے یا کنور نوید رہے یا انیس قائم خانی رہے۔

Related Posts