راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے ضلع کرم کے علاقے زاوا میں آپریشن کیا ہے جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک کیپٹن اور سپاہی شہید ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے ضلع کرم کے علاقے زاوا میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 25 سالہ کیپٹن باسط اور سپاہی حضرت بلال شہید ہو گئے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم اور ملحقہ علاقوں میں دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں کارروائی کر کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی جوان شہید ہوگیا تھا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے دونوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے تھا، جو جرائم کی سنگین وارداتوں میں بھی ملوث تھے۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے نائیک نزاکت حسین شہید ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : عوام کے لئے خوشخبری، حکومت کا عیدالاضحیٰ کی چھٹیاں مزید بڑھانے کا فیصلہ