لاہور: بنگلا دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا، محمد عامر اور فخر زمان ڈراپ ، شعیب ملک اور محمد حفیظ کی اسکواڈ میں واپسی۔
لاہور میں چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کپتان بابراعظم اور ندیم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بنگلادیش کے خلاف قومی ٹی 20 ٹیم کا اعلان کیا، شعیب ملک اور محمد حفیظ کو دوبارہ قومی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہےجبکہ محمد عامر ، فخر زمان، حارث سہیل، وہاب ریاض ،امام الحق قومی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہ ہم نے آسٹریلیا میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا، بنگلا دیش کے خلاف بھی تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل کمبی نیشن بنایا ہے، محمد حفیظ ابھی بھی پاکستان ٹیم کے لیے اچھا پرفارم کرسکتا ہے، ہمیں محمد حفیظ کی ضرورت محسوس ہو رہی تھی۔
مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان کو دوبارہ فتح کی ڈگر پر گامزن کرنے کے لیے ہم نے بہت سوچ سمجھ کر اس اسکواڈ کا اعلان کیا، ہماری کارکردگی مستقل انتہائی خراب تھی اور ہم آسٹریلیا میں بھی میچز نہیں جیت سکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شاداب خان پر کام ہو رہا ہے جب کہ عثمان قادر کو بیک اپ کے لیے رکھا گیا ہے، پی ایس ایل کے بعد قومی ٹیم کی نئی شکل نظر آئے گی، جو پرفارم کرے گا وہ ٹیم میں رہے گا۔
مصباح الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ تک ہم ایک وننگ کمبی نیشن بنانا چاہتے ہیں، ہر کھلاڑی کی پرفارمنس دیکھ رہے ہیں، کوشش ہے کہ ٹیم کو جیت راہ پر لے کر جائیں،ہمیں دوبارہ فتح کی ڈگر پر گامزن ہونا ہے اور فتوحات کے سلسلے کو شروع کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بابراعظم آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں جگہ بنانے میں کامیاب