لاہور : چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نےضمانت کےعوض پاسپورٹ ،7کروڑ نقداور2کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرادیے۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری شوگر ملز کیس میں عدالتی حکم پر کیپٹن صفدر نے عطا تارڑ اور وکلا کے ہمراہ مریم نواز کا پاسپورٹ،7 کروڑ کی رقم اورضمانتی مچلکے ہائی کورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کروادیے، مچلکوں کی جانچ پڑتال کے بعد مریم نواز کی رہائی کی روبکار جاری ہو گی۔
مریم نواز کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے لیے کیپٹن (ر) صفدر اور عطااللہ تارڑ ہائیکورٹ پہنچے جہاں انہوں نے مریم نواز کا پاسپورٹ سمیت ضمانتی مچلکے جمع کروائے اور ساتھ ہی 7 کروڑ روپے کی رقم بھی جمع کروائی۔
اس موقع پر کیپٹن صفدر نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کوئی سیاسی بات نہیں کریں گے کیونکہ وہ عدالتی حکم پر عمل کرنے آئے ہیں انھوں نے کہا کہ مریم کے ساتھ ساتھ آپ لوگوں کو بھی رہائی مبارک ہو۔
گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں اپنا پاسپورٹ اور ایک ایک کروڑ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا،اس کے علاوہ عدالت نے مریم نواز کی ضمانت کے عوض 7 کروڑ روپے نقد جمع کرانے کا حکم بھی دیا تھا۔
مزید پڑھیں: عدالت نے مریم نواز کی درخواستِ ضمانت پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، ضمانت منظور