اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں جامع حکومت تشکیل نہ دی گئی تو وہاں خانہ جنگی ہوگی، انہوں نے کہا کہ پاکستان اکیلے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ نہیں کرے گا، افغانستان کو باضابطہ تسلیم کرنے سے متعلق پڑوسی ممالک کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کرینگے۔
وزیراعظم کا بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ طالبان کو مزید وقت دینا چاہیے، ان سے متعلق کچھ کہنا بہت جلدی ہوگا۔ افغانستان کو دہشتگردوں کی جائے پناہ کے طور پر استعمال نہیں ہونا چاہیے جو پاکستان کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔
دوران انٹرویو وزیر اعظم نے کہا کہ تمام پڑوسی ممالک بیٹھیں گے، دیکھتے ہیں اس حوالے سے کیا پیشرفت ہے، پھر انہیں تسلیم کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ ہوگا جو ایک مجموعی فیصلہ ہوگا۔
طالبان پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ جامع حکومت تشکیل دیں اگر انہوں نے ایسا نہیں کیا تو افغانستان کے خانہ جنگی کی طرف جانے کا خدشہ ہوسکتا ہے، طالبان تمام گروپوں کو شامل نہیں کرتے تو جلد یا بدیر وہاں خانہ جنگی کا امکان مسترد نہیں کیا جاسکتا۔
وزیراعظم عمران خان کا اس سے قبل امریکی میڈیا سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ افغانستان میں افغان طالبان کے قبضے کے بعد امریکی صدر جوزف بائیڈن سے ٹیلیفون پر رابطہ نہیں ہوا وہ بہت مصروف ہوں گے لیکن امریکا کے ساتھ رشتہ صرف ایک فون کال پر منحصر نہیں ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا سے ایسے تعلقات چاہتا ہے جیسے بھارت کیساتھ ہے۔ ایسے تعلقات نہیں چاہتے کہ وہ پیسے دے اور کام کرائے۔ پاکستان کے چین کیساتھ تعلقات امریکا کیساتھ تعلقات پر منحصر نہیں ہیں۔
عمران خان کا امریکی ٹی وی سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ خطے کا امن افغانستان کے عوام سے منسلک ہے، افغانستان کی صورتحال پریشان کن ہے۔ افغان عوام نے 20 سال میں بہت قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان کی خواہش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔
عمران خان نے کہا کہ طالبان چاہتے ہیں کہ عالمی سطح پر انہیں تسلیم کیا جائے، افغانستان میں کٹھ پتلی حکومت کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی۔خطے کا امن افغان عوام سے جڑا ہے، 20 سال میں وہاں پر عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ دنیا طالبان کو انسانی حقوق کے معاملے پر وقت دے لیکن امداد کے بغیر انتشار کا اندیشہ ہے۔
مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کے جانے بعد واضح ہوگیا تھا انگلینڈ کی ٹیم بھی نہیں آئے گی، شیخ رشید