اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین وزیراعظم ہاؤس سے بم پروف گاڑی بھی ساتھ لے گئے، پہلی بار سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی طرف جارہے ہیں، عمران خان کے حکم پر مسجد نبویﷺ واقعے کی پلاننگ ہوئی، وہاں لوگوں کو اشارے کر کے نعروں پر اکسایا گیا۔
مریم اورنگزیب کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں رانا ثناء اللہ کیخلاف کوئی کرپشن کا کیس نہیں ملا، حکومت سے گئے صرف اڑھائی ہفتے ہوئے، چیخیں کیوں نکل رہی ہیں؟ پاکستان کے عوام کو سچ بتانا ہماری ذمہ داری ہے، یہ ملک کو مہنگائی، لوڈ شیڈنگ اور بے روزگاری کی چکی میں جھونک کر گئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مخالفین کے خلاف 4 سال تک انتقامی کارروائی کی گئی، قوم کے 4 سال انتقامی کارروائیوں میں ضائع کر دیے گئے، 4 سال میں عوام کو بے دردی سے لوٹا گیا،یہ واحد وزیراعظم تھا جس نے توشہ خانہ کے تحفے بیچے، ابھی آپ نے توشہ خانہ کی ان چیزوں کا حساب دینا ہے جو ڈکلیئر نہیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری عمران خان کی وجہ سے ہے، این سی اے کو ریکارڈ بھیجے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔
مزید پڑھیں:رانا ثنا کو پٹہ ڈالا جائے یہ خانہ جنگی کرائیگا،شیخ رشید