اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بدھ کے روز مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر ملکی اور غیر ملکی شخصیات کو یوم پاکستان کے موقع پر سول اعزازات سے نوازا۔
ایوان صدر میں پُر وقار تقریب کے دوران صدر مملکت نے چھ نشان امتیاز، 3 ہلال امتیاز،24 ستارہ شجاعت، آٹھ ستارہ امتیاز، 14 پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈز ، ایک ستارہ قائداعظم، ایک ستارہ الخدمت، ایک تمغہ پاکستان، 22 تمغہ شجاعت اور آٹھ تمغہ امتیاز ایوارڈزسے نوازا۔
صدرمملکت نے کیمیا کے شعبے میں خدمات پر محمد نعیم کو نشان امتیاز دیا جبکہ ادب کے شعبے میں خدمات پر نذر محمد راشد(المعروف ن م راشد مرحوم) اور مجید امجد (عبدالمجید مرحوم) کو بھی نشان امتیاز دیا گیا۔
صدر مملکت نے محمد نعیم کو سائنس (کیمسٹری) کے شعبے میں کامیابیوں پر نشان امتیاز اور نذر محمد راشد عرف این ایم راشد اور مجید امجد عرف عبدالمجید کو ادب میں ان کی کامیابیوں پر نشان امتیاز سے نوازا۔
ڈاکٹر انعام الرحمٰن(سائنس نیوکلیئر فزکس)، ڈاکٹر قمر محبوب(نیوکلیئر انجینئرنگ)، طاہر اکرام(مکینیکل انجینئرنگ)، روحیل حیات(فن، موسیقی اور کمپوزنگ) اور کشور ناہید(ادب) ہلال امتیازسے نوازا گیا۔
مذکورہ تقریب میں ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے محمد عازمی عبدالحامد اور عمان سے تعلق رکھنے والے شیخ احمد بن حماد الخلیلی کو پاکستان کے لیے خدمات پر ستارہ پاکستان کے اعزاز سے نوازا گیا۔
ستارہ شجاعت کا اعزاز حاصل کرنے والوں میں محمد بخش بریرو، ریشماں اور بریگیڈیئر شفیع اللہ خان شامل ہیں جبکہ ڈاکٹر سید حسین امام عابدی کو سائنس، راشد رانا کو ادب، سید عقیل بلگرامی کو فن تعمیر، محمود الحق علوی (مرحوم) کو انسانیت کے خدمات اور سلمان اقبال کو کھیلوں بالخصوص کرکٹ کے فروغ کے لیے خدمات پر ستارہ امتیاز سے نوازا گیا ہے۔
صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی حاصل کرنے والوں میں سید تجمل حسین، پروفیسر ڈاکٹر یاسر ایاز، شکیلہ ناز اور عرفان اللہ جان شامل ہیں جبکہ ناروے کے چوہدری خالد محمود کو ستارہ قائداعظم کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:چینی وزیر خارجہ او آئی سی اجلاس کے بعد کابل میں ملاقات کیلئے رُک گئے