اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے کیلئے آج بحرین روانہ ہوں گے جس کا مقصد پاک بحرین تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ برادر اسلامی ملک کا دو روزہ دورہ آج سے شروع کر رہے ہیں جس کے دوران اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد بھی شاہ محمود قریشی کے ہمراہ بحرین پہنچے گا۔
دو روزہ دورۂ بحرین کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاک بحرین وزارتی کمیشن کے دوسرے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ بحرین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے چینی ہم منصب کی دعوت پر 2 روزہ سرکاری دورے کیلئے چین روانہ ہوئے تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلے کا حصہ تھا،وزیر خارجہ کے ساتھ سینئر حکام بھی چین روانہ ہوئے۔
مزید پڑھیں: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر چین روانہ ہوگئے
قبل ازیں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے پر بھارت کے کردار کی شدید مذمت کی، جبکہ یہ اقدام بھارت کے پاکستان کے خلاف سازش کے اعتراف کے بعد سامنے آیا۔
بھارت نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) میں پاکستان کے خلاف سازش کرنے کا اعتراف کیا۔ بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر نے کہا کہ ہم نے یقینی بنایا کہ پاکستان گرے لسٹ سے نہ نکل سکے۔
ایف اے ٹی ایف میں بھارت کے کردار کی مذمت کرتے ہوئے 9 روز قبل وزیرِ خارجہ نے کہا کہ عالمی تنظیم کے ساتھ یہ معاملہ پہلے بھی اٹھا چکے ہیں۔ پاکستان امن عمل میں شراکت دار ہے۔ افغانستان کا ایک چھوٹا سا طبقہ پاکستان میں کانفرنس کا انعقاد نہیں چاہتا۔
مزید پڑھیں: بھارت کا پاکستان کے خلاف سازش کا اعتراف، وزیرخارجہ کی شدید مذمت