وفاقی مشیر برائے ساحلی امور اور مرکزی پی ٹی آئی رہنما محمود مولوی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ آئندہ چند روز میں سندھ میں آٹے کی قیمت میں 10 روپے تک کمی کا امکان ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما محمود مولوی نے کراچی میں تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف ہنگامی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ وفاق نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔
مشیر برائے ساحلی امور محمود مولوی نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر قیمتوں میں کمی لانے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
محمود مولوی نے کہا کہ آئندہ چند روز میں سندھ میں آٹے کی قیمت میں 8 سے 10 روپے فی کلو کمی کا امکان ہے جبکہ سندھ حکومت کے ساتھ مل کر فلور ملز مالکان کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی جبکہ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت شہرِ قائد کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔ ہم مسائل کے حل کے لیے مثبت اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مرکزی رہنما ء پاکستان تحریک انصاف محمود مولوی نے کہا کہ سندھ میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے مناسب اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
کراچی میں گزشتہ ماہ تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران محمود مولوی نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں آٹے کی قیمتیں برابرہوں گی۔گورنر سندھ عمران اسماعیل کی ہدایات پراگلے ہفتے تک سندھ میں آٹے کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔
مزید پڑھیں: وفاقی حکومت کا سندھ میں آٹے کی قیمت میں کمی کا عندیہ