کوئٹہ: سیٹلائٹ ٹاؤن اسحاق آباد میں مسجد میں دھماکے سے ڈی ایس پی امان اللہ سمیت 15 افراد شہید اور 21 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے اسحاق آباد کی مسجد میں ہوا جس میں ڈی ایس پی امان اللہ اور دیگر15 افراد جاں بحق ہوئے اور 21 زخمی ہوئے، زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے افراد کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری جائے وقوع پر پہنچی جبکہ ریسکیو عملے نے زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے، اسپتال انتظامیہ کے مطابق یشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے موقع پہنچیں اور علاقے کو تمام قسم کی آمدورفت کیلئے سیل کردیا، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کوئٹہ شہر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس بزدلانہ کارروائی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہےاور واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ میں ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 2 افراد جاں بحق، 18 زخمی