پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مشہورومعروف اداکارہ دردانہ بٹ 83 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں، انہیں حال ہی میں صحت کی خرابی کے باعث ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
سماجی رابطے اور فوٹو شیئرنگ کی ویب سائٹ فیس بک پر دردانہ بٹ کے انتقال کی افسوسناک خبر سناتے ہوئے خالد ملک نے کہا کہ دردرانہ بٹ آپا آج اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔
اپنے پیغام میں خالد ملک نے کہا کہ اللہ تعالیٰ بڑا دانا اور سخی ہے۔ دردانہ بٹ کی خصوصی روح اللہ کے دربار میں حاضر ہوگی۔
بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پی ٹی وی کی سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث رواں ماہ 2 اگست کے روز ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔
کراچی میں طبیعت ناساز ہونے پر دردانہ بٹ کو نجی ہسپتال میں داخل کرایا یگا۔ فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اس حوالے سے اپنے پیغام میں خالد ملک نے عوام سے دعاؤں کی اپیل کی تھی۔
معروف اداکار خالد ملک نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دردانہ بٹ کی صحت کی بہتری کیلئے دعا کریں۔ ہماری پیاری آپا طبیعت کی ناسازی کے باعث وینٹی لیٹر پر ہیں۔
لاہور میں جنم لینے والی دردانہ بٹ نے 60 کی دہائی سے ہی اداکاری کا آغاز کیا اور اس کے بعد سے متعدد ڈرامہ سیریلز اور سٹ کامز میں کام کرتی نظر آئیں۔
پی ٹی وی کا ڈرامہ آنگن ٹیڑھا اور تنہائیاں بے حد مشہور ہیں جن میں بالترتیب 80 کی دہائی میں اور 1985 میں اداکارہ دردانہ بٹ نے اداکاری کے جوہر دکھا کر عوام سے داد وصول کی۔
ڈگڈگی نامی سٹ کام کے علاوہ دردانہ بٹ نے پھر چاند پہ دستک، میرا نصیب اور ففٹی ففٹی سمیت متعدد پراجیکٹس میں کام کرکے بے مثال شہرت حاصل کی۔
سوشل میڈیا پر متعدد معروف شخصیات اور شوبز کے ستاروں نے دردانہ بٹ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ فنکار برادری کا کہنا ہے کہ دردانہ بٹ کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلاء مدتوں پر نہیں ہوسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: معروف گلوکار مہدی حسن کے صاحبزادے آصف مہدی انتقال کرگئے