ناخنوں کا ہماری صحت سے بڑا گہرا تعلق ہوتا ہے، اِن کی رنگت سے جسم میں کسی ممکنہ بیماری کا اشارہ مل سکتا ہے۔
یہاں پر یہ بات جان لیں کہ ناخنوں میں اچانک آنے والی تبدیلی متعدد امراض کی طرف اشارہ کرتی ہیں مگر ضروری نہیں کہ ہمیشہ یہ کسی بیماری کا نتیجہ ہو۔
آئیے دیکھیں کہ ناخن سے ہماری صحت کے متعلق کیسے معلوم ہوتا ہے:
سفید داغ والے ناخن
صحت مند ناخنوں کی رنگت گلابی ہوتی ہے تو اگر ناخنوں پر سفید نشان نظر آنے لگے تو ایسا متعدد وجوہات کے باعث ہو سکتا ہے۔جیسے کسی چوٹ لگنے، خون کی کمی، کسی غذائی جز کی کمی، دل یا گردوں کے امراض کے باعث ناخن پر سفید داغ ابھر آتے ہیں۔
مکمل سفید ناخن
اگر ناخنوں کا بیشتر حصہ بہت زیادہ سفید ہو تو اس سے جگر کے امراض جیسے ہیپاٹائٹس کا عندیہ ملتا ہے۔ ہیپاٹائٹس کے ساتھ ساتھ ایسا یرقان کے مریضوں کے ناخنوں میں بھی دیکھنے میں آتا ہے۔
زرد ناخن
اگر ناخن پیلے یا زرد نظر آنے لگے تو عموماً یہ کسی فنگل انفیکشن کا نتیجہ ہوتا ہے۔ انفیکشن کی شدت جتنی زیادہ ہوگی، ناخن کی اندرونی تہہ اتنی زیادہ سکڑ جائے گی جبکہ ناخن پتلے اور کمزور ہو جائیں گے۔ کچھ کیسز میں زرد ناخن تھائی رائیڈ امراض، پھیپھڑوں کے امراض یا ذیابیطس کی علامت بھی ہوتے ہیں۔
نیلگوں ناخن
اگر ناخنوں پر نیلارنگ جھلکنے لگے تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ جسم کو مناسب مقدار میں آکسیجن نہیں مل رہی۔اس سے پھیپھڑوں کے کسی مسئلے جیسے emphysema کا عندیہ ملتا ہے، کئی بار دل کے مسائل سے بھی ناخنوں کی رنگت میں نیلاہٹ جھلکنے لگتی ہے۔
ناخن کی سطح پر لکیروں جیسا پیٹرن
اگر ناخنوں کی سطح پر اوپر سے نیچے کی جانب لکیروں جیسا پیٹرن نظر آئے تو یہ جوڑوں میں ورم یا جِلد کے مرض کی نشانی ہوسکتی ہے۔
ناخن ٹوٹنا
ہمارے اردگرد کئی ایسے لوگ بھی ہیں جن کے ناخن بہت کمزور ہوتے ہیں اور باآسانی ٹوٹ ہوجاتے ہیں، یہ اچھی علامت نہیں کیونکہ ناخن کا ٹوٹنا تھائی رائیڈ کے مرض کی طرف اشارہ کرتا ہے۔