اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی “راء” داعش پاکستان کے نام سے نئی دہشت گرد تنظیم بنا رہی ہے جبکہ بھارتی قونصل خانے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا گڑھ بن چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کالعدم تنظیموں کا کنسورشیم بنا رہا ہے۔ سرحد کے ساتھ بھارتی قونصل خانوں کے ذریعے دہشت گردی کی اطلاعات ہمارے پاس ہیں۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی داعش پاکستان نامی تنظیم بنانے والی ہے۔ بھارت دہشت گردوں کو تربیت اور اسلحہ فراہم کر رہا ہے۔ ہمارے پاس بھارت کی دہشت گردی سے متعلق شواہد موجود ہیں۔ افغان سفارت خانے میں کرنل راجیش 4 بار دہشت گردوں سے ملے۔
خطاب کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کرنل راجیش افغان سفارت خانے میں بھارت کا ماسٹر مائنڈ ہے۔مختلف ذرائع سے بھارت دہشت گرد تنظیموں کو رقوم فراہم کرتا ہے۔ بلوچستان میں سی پیک منصوبوں کو نشانہ بنانے کیلئے بھارت نے خصوصی ملیشیاء بنائی۔ دہشت گردوں کی مالی امداداور اسلحہ فراہمی کے ثبوت بھی ہمارے پاس موجود ہیں۔
دہشت گردی کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے پاکستانی علماء اور عمائدین بھی بھارت کا ہدف ہیں۔ بھارت دہشت گردی کے تربیتی مراکز کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ دہشت گردوں کے 66 تربیتی مراکز افغانستان جبکہ 21 بھارت میں موجود ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ڈاکٹر اللہ نذر نے بھارت کا دورہ جعلی پاسپورٹ پر کیا۔ بھارتی سفارت خانے اور قونصل خانے پاکستان کے خلاف دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں کا گڑھ بن چکے ہیں۔ بھارت نے داعش کے 30 دہشت گردوں کو پاکستان اور اس کے اردگرد منتقل کیا۔ دہشت گرد اسلم اچھو بھارتی ہسپتال میں زیرِ علاج رہا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی اپنے فرنٹ مین کو دیگر ممالک میں فنڈنگ کرتی ہے۔ ڈاکٹر اللہ نذر کے ساتھ را کے رابطوں کی آڈیو ہمارے پاس موجود ہے۔ بھارت دہش گرد تنظیموں میں 22 ارب روپے تقسیم کرچکا ہے۔ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے بھارت نے ایک سیل بھی قائم کیا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف 126 ارب ڈالر سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دُنیا جانتی ہے کہ بھارت 3 عالمی کنونشنز کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ بھارت ویانا کنونشن، یو این چارٹر اور یو این سیکیورٹی کنونشن کی خلاف ورزی کررہا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف 126 ارب ڈالر نقصان ہوا۔وزیرِ خارجہ