ملکی قرضے جی ڈی پی کے 80 فیصد تک پہنچ گئے اور اخراجات بڑھ رہے ہیں۔سراج الحق

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Senator-Siraj-ul-Haq
Senator-Siraj-ul-Haq

جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملکی قرضے جی ڈی پی کے 80 فیصد تک پہنچ چکے ہیں جبکہ حکومتی اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں، وزرا کی تبدیلی کا فیصلہ ثابت کرتا ہے کہ حکومت کو بھی خراب کارکردگی کا احساس ہے۔

لاہور کے علاقے منصورہ میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ  خراب کارکردگی پر وزرا کی تبدیلی کا فیصلہ درست سہی، لیکن جزوی تبدیلی سے کچھ نہیں ہوگا۔ اگر تمام خراب کارکردگی والے وزرا کو ہٹانا ہے تو 99 فیصد وزرا کی سیٹیں خالی ہوسکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کی نیکٹا کو وزارتِ داخلہ کے ماتحت کرنے کے لیے قانونی ترمیم کی منظوری

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا  معاشی و معاشرتی اصلاحات کا وعدہ پورا نہیں ہو سکا جبکہ پنجاب کے ساتھ ساتھ پشاور میں بھی تشدد اور مارپیٹ کے واقعات کشمیر جیسا نقشہ پیش کر رہے ہیں جبکہ پولیس کا رویہ پہلے سے بد تر ہوچکا ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کے پاس زبانی کلامی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں بچا۔ ملک کے کروڑوں عوام حکومت سے اس کے وعدوں کا حساب مانگ رہے ہیں۔ عوام کو مہنگائی سے نجات اور بے روزگاری سے چھٹکارہ چاہئے۔ لفظی گولہ باری سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

وفاقی وزرا کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس باصلاحیت اور دیانتدار ٹیم پلیئر نہیں ہیں۔ پہلے ہی سال میں ترقی کی شرح 5.9 فیصد سے کم ہو کر 2.4 ہو گئی جس سے ایک تباہ کن صورتحال کا اندازہ ہوتا ہے۔ ہم ملک میں پر امن انقلاب لانا چاہتے ہیں جس کے لیے نوجوانوں اور عوام کو منظم کیا جائے گا۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل جماعتِ اسلامی کے امیر سینیٹرسراج الحق کا کہنا تھا کہ  اقوام متحدہ مسلمانوں کے ساتھ تعصب پر مبنی رویہ ترک کرے، اقوام متحدہ کشمیر اور فلسطین پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد میں ناکام رہا ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ   اقوامِ متحدہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے اقدام نہ کرے تو مسلم حکمران اس کا بائیکاٹ کریں۔  اقوام متحدہ کا رویہ مسلمانوں کے ساتھ تعصب پر مبنی ہے۔ اسے مسلمانوں کے ساتھ رویہ بہتر کرنا ہوگا۔ انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پونے 2 ارب مسلمانوں کو ویٹو پاور اور سلامتی کونسل کی نمائندگی دی جائے۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ کشمیراورفلسطین کی قراردادوں پرعمل کرانےمیں ناکام رہی،سراج الحق

Related Posts