اسلام آباد: مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ دسمبر 2020تک ختم کردیا جائیگا،حکومت محصولات میں اضافہ اور اخراجات میں کمی کرے گی،اخراجات میں جوکمی کی گئی ہے اسکوترقیاتی پروگرام میں خرچ کیا جائیگا۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہاگیاکہ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے سینئر اینکر پرسنز سے ملاقات کی جس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ دسمبر 2020تک ختم کردیا جائیگا،آئی ایم ایف ٹیم نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی تسلی بخش رپورٹ دی ہے، حکومت محصولات میں اضافہ اور اخراجات میں کمی کرے گی۔
مشیر خزانہ نے کہاکہ اخراجات میں جوکمی کی گئی ہے اسکو ترقیاتی پروگرام میں خرچ کیا جائیگا، حکومت اخراجات میں بچت ہونیوالی رقوم کو ملک میں تخفیف غربت پر ختم کیا جائیگا۔مشیر خزانہ نے کہاکہ ملکی معاشی اداروں کو مضبوط کیا جارہا ہیں تاکہ بہتر معاشی نتائج حاصل کئے جاسکیں، سٹیٹ بینک، ایف بی آر اور ایس ای سی پی کو مزید خودمختاری دی گئی ہے۔
مشیر خزانہ نے کہاکہ ان اداروں کو زیادہ خود مختار بنانے کا مقصد انہیں آزادانہ کام کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے جاری کھاتوں کا خسارہ 63.1فیصد کم ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رواں برس جی ڈی پی ترقی گزشتہ سال سے کم ہوگی، گورنر اسٹیٹ بینک