برسلز: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فارق حیدر خان نے کہاہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم اور اسے دو حصوں میں تقسیم کر کے اقوام متحدہ کی قراردادں کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق راجہ فاروق حیدر خان نے ان خیالات کا اظہار کشمیر یورپی یونین ویک کے آغاز پر یورپی پارلیمنٹ برسلز میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا،انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے جاری بھارتی محاصرے کی وجہ سے کشمیری عوام اس وقت شدید مصائب و مشکلات سے دوچار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پانچ اگست کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کے بعد سے مقبوضہ کشمیرمیںہزاروں افراد کو گرفتار کرکے جیلوں اور عقوبت خانوں میں بھیج دیا ہے جبکہ سخت محاصرے اور پابندیوں کی وجہ سے کشمیریوں کوبنیادی اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے شہری بھی بھارتی جبر و استبداد سے محفوظ نہیں اور بھارتی گولہ باری کی وجہ سے لائن آف کنٹرول کے قریب رہنے والے بیس ہزار کے قریب باشندے محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ بھارت کے غاصبانہ اور جابرانہ اقدامات کے خلاف دنیا کے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے عالمی برادری خاص طور پر مغربی ملکوں پر بھی زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کریں۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں 94ویں روز بدستور کرفیو، مذہبی فرائض کی ادائیگی محال