وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکا نے غیر ملکی افراد کی رہائی پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے افغانستان سے غیر ملکی افراد کی رہائی پر پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے دوران صدر ٹرمپ نے خطے میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق دریافت کیا جس پر وزیر اعظم نے انہیں حالات سے آگاہ کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ حالات کے تناظر میں بھارت سے مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا جبکہ بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں مصروف ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہواجس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کے امور پر بات چیت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں کے مابین گزشتہ روز باہمی وعلاقائی امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور اس سے متعلق ان کے مؤقف کو سراہا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان اورامریکی صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ