پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف فنکار بہنوں ایمن اور منال خان نے نقالی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیشن کے رجحانات کبھی پرانے یا فرسودہ نہیں ہوتے۔
تفصیلات کے مطابق اپنی نئی عید کلیکشن پر نقالی کے الزامات کا سامنا کرنے والی اداکارہ ایمن خان اور منال خان نے سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو میں مختلف ملبوسات پہن کر دکھائے۔
سوشل میڈیا صارفین نے دونوں بہنوں پر نقالی کا الزام عائد کیا جس کا جواب دیتے ہوئے ایمن خان نے کہا کہ تمام تر ڈرامے بازی کے باوجود رنگ بازی لے گئے۔ عید کلیکشن ترتیب دینا دلچسپ ثابت ہوا۔
اداکارہ ایمن خان نے کہا کہ کلیکشن ترتیب دینے سے زیادہ اسے فروخت کرنا دلچسپ رہا۔ فیشن اور رجحانات کبھی فرسودہ یا پرانے نہیں ہوتے، انہیں نئے انداز میں سامنے لا کر بار بار استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اپنی عید کلیکشن پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ ایمن خان نے کہا کہ کپڑوں کے ڈیزائن اور پرنٹ جگہ جگہ بکھر چکے ہیں اور ہم اس تمام تر صورتحال پر بے حد خوش ہیں۔
قبل ازیں دونوں خوبصورت بہنیں اس وقت تنقید کی زد پر آگئیں جب انہوں نے عید کلیکشن رواں ماہ کے آغاز میں مداحوں کے ساتھ شیئر کی اور مقامی فیشن ڈیئزائنر زارا شاہجہان کی کلیکشن جو اس سے قبل ریلیز ہوچکی تھی، اس کی نقالی کا الزام عائد کیا گیا۔
بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے ایمن خان اور منال کی توجہ اس طرف مبذول کرائی کہ آپ نے جو عید کلیکشن شیئر کی ہے، وہ فیشن ڈیزائنر زارا شاہجہان کے ڈیزائنز سے ملتی جلتی بلکہ ان کی نقالی کی ایک کوشش ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عامر خان پروڈکشنز نے لداخ میں کچرا پھیلانے کا الزام مسترد کردیا