اسلام آباد:وزیر اعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ 2030ء تک پاکستان کی تیس فیصد گاڑیوں کو بجلی سے چلایا جاسکے گا۔
ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے متعلق پالیسی وفاقی کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی نے کہا کہ رواں سال 7.5 ارب روپے ٹین بلین ٹری منصوبے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کی کل لاگت کا تخمینہ 425 ارب روپے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے نوجوانوں کے لیے سینکڑوں ہزاروں نوکریاں حاصل ہوں گی اور ملک کو ہم سبز معیشت کی طرف لے کر جائیں گے۔
ملک امین اسلم نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں بلین ٹری سونامی پروجیکٹ مکمل طور پر کامیاب رہا اور اسے پورے ملک سے پذیرائی حاصل ہوئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کے حوالے سے انہوں نے آگاہ کیا کہ اگلے چند دن میں اس حوالے سے مہم چلائی جائے گی تاکہ اس پر عمل درآمد ممکن بنایا جاسکے۔ملک امین اسلم نے کہا کہ ہم پاکستان کو پلاسٹک سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ برقی گاڑیاں انیسویں صدی کے وسط میں منظر عام پر آئیں۔ ان گاڑیوں کو کسی بیرونی برقی ذریعے سے یا کسی بیٹری کے ذریعے سے بھی چلایا جاسکتا ہے۔ برقی گاڑیاں چلانے کے لیے سولر پینل کے ذریعے شمسی توانائی کو برقی توانائی میں بدل کر کام میں لایا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیئے: نیوزی لینڈ میں تین فٹ لمبا قد رکھنے والے گوشت خور طوطے کے فاسلز دریافت