مہنگائی میں اضافہ، خان صاحب کو غریب کی آواز سنائی نہیں دے رہی۔عظمیٰ بخاری

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: ملک بھر میں مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب کو غریب کی آواز سنائی نہیں دے رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگ پنجاب کی ترجمان نے مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کی۔ وزیر اعظم پر طنز کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کسی دور میں غریب کی آواز بنتے تھے، آج خان صاحب کو غریب کی آواز سنائی نہیں دے رہی۔

 پی ٹی آئی کی ماضی کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب بجلی فی یونٹ 11 روپے تھی تو عمران خان بجلی کے بل گراتے تھے۔ آج ان کے دورِ حکومت میں بجلی کی قیمت 23 روپے فی یونٹ سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر صوبائی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ادویات کی قیمت میں 17 فیصد اضافہ کردیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں قوم کو اوپر لے جاؤں گا، سب اوپر چلے جائیں، یہ نیچے دندناتے رہیں گے۔

خاتونِ اول پر تنقید کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کل بشریٰ بی بی نے مینٹل ہسپتال کے دورے کیے۔ جن کو شروع میں تبدیلی کا شوق ہوا تھا، ان کا شوق بھی پورا ہوگیا۔ عمران خان کی حکومت میں جینے کے ساتھ ساتھ مرنا بھی محال ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ اِس سے قبل وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا۔ پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 5 روپے اضافہ کردیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد ہوگیا۔

مہنگائی کی ماری عوام پر وفاقی حکومت نے  گزشتہ روز ایک اور پٹرول بم گرا دیا۔  اوگرا کی طرف سے وزارت خزانہ کو بھیجی گئی سمری کے برعکس پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت پٹرول کی نئی قیمت 123 روپے 30 پیسے ہو گئی۔

مزید پڑھیں: پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ، نئی قیمت 123 روپے ہوگئی