انڈونیشیا کے صوبے مغربی جاوا میں شدید بارشوں کے باعث دریائے سیسوریہ میں طغیانی آنے سے غیر قانونی سونے کی کان زیر آب آگئی جس کے نتیجے میں 16 کان کن ہلاک ہوگئے جبکہ مزید 13 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق حادثہ پیر کی رات پیش آیا جب کان کن سونے کے ذرات تلاش کرنے میں مصروف تھے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں دریائے سیسوریہ میں طغیانی آگئی۔ دریا میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث سیلابی پانی قریبی کان میں داخل ہوگیا اور متعدد کان کن اندر پھنس گئے۔ جکارتہ کے جنوب میں واقع پہاڑی علاقے میں موجود اس کان کا شافٹ تقریباً 100 میٹر گہرا ہے۔
ابتدائی طور پر کھدائی کے ایک حصے میں موجود چند مزدور باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے تاہم پانی تیزی سے کان کے اندر پھیلنے کے باعث دیگر افراد پھنس گئے۔
حکام کے مطابق کان غیر قانونی طور پر چلائی جا رہی تھی جس کے باعث متعلقہ اداروں کو حادثے کی فوری اطلاع نہیں مل سکی۔ مقامی کان کنوں اور رہائشیوں نے ابتدا میں اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے کی کوشش کی لیکن صورتحال قابو سے باہر ہونے پر پولیس اور ریسکیو اداروں کو اطلاع دی گئی۔
مغربی جاوا پولیس کے ترجمان ہینڈرہ روچماوان کے مطابق جمعرات تک 16 لاشیں نکالی جاچکی تھیں جبکہ کم از کم 10 کان کنوں کے اندر موجود ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کے چوتھے روز زندہ افراد کی تلاش کے امکانات انتہائی کم ہوگئے ہیں تاہم امدادی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

جکارتہ سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کی سربراہ دیسیانا کارتیکا بہاری کے مطابق آپریشن میں 325 اہلکار حصہ لے رہے ہیں جو دو متصل کانوں میں رسیوں اور خصوصی آلات کی مدد سے متاثرین تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کان سے پانی نکالنے کے لیے خصوصی پمپس بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔
حادثے کا مقام سرکاری کان کنی کمپنی پی ٹی اینٹام کی پونگکور سونے کی کان کے قریب واقع ہے تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اس واقعے کا اس کے کان کنی کے آپریشنز سے کوئی تعلق نہیں۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا میں غیر قانونی کان کنی عام ہے، جہاں ہزاروں افراد حفاظتی انتظامات کے بغیر کام کرتے ہیں اور انہیں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور سرنگیں منہدم ہونے جیسے سنگین خطرات کا سامنا رہتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








