بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران 12 دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 سے 23 نومبر کے دوران بلوچستان کے اضلاع نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں دہشتگردوں کے خلاف مختلف کارروائیاں کی گئیں۔ ان کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 12 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق 20 نومبر کو نوشکی میں دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے کو مؤثر کارروائی کے دوران نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے بعد ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
اسی طرح 21 نومبر کو ضلع سبی میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع پر کارروائی کی، جس میں مزید 2 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 22 اور 23 نومبر کو پنجگور اور کیچ میں بھی دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ ان آپریشنز کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے جبکہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ مزید 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








