سعودی عرب: جازان کی آرامکو ریفائنری میں لگی آگ بجھا دی گئی

تازہ ترین

تازہ ترین

آرامکو ریفائنری
(فوٹو: انادولو ایجنسی)

سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر جازان میں سعودی آرامکو کی ریفائنری کی ایک تنصیب میں اتوار کی صبح لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ سعودی وزارتِ توانائی کے مطابق آرامکو کی صنعتی سکیورٹی سے وابستہ فائر فائٹنگ ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھا دی۔

تفصیلات کے مطابق آگ لگنے کے واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق ضروری کارروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں، تاہم ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ، نقصان کی نوعیت یا اس کے نتیجے میں ریفائنری کی پیداوار پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

خیال رہے کہ جازان ریفائنری سعودی عرب کے اہم توانائی منصوبوں میں شمار ہوتی ہے اور اس کی خام تیل صاف کرنے کی گنجائش تقریباً 4 لاکھ بیرل یومیہ ہے۔ یہاں پٹرول، انتہائی کم سلفر والا ڈیزل اور دیگر پیٹروکیمیکل مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔

حالیہ واقعے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ جازان ریفائنری کو چند ہفتے قبل بھی سکیورٹی خطرات کا سامنا رہا تھا۔ رپورٹس کے مطابق 27 جولائی کو حوثی حملے کے بعد ریفائنری کو بند کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں اس کے گیسفیکیشن کمپلیکس اور ٹینک فارم کے بعض حصے متاثر ہوئے تھے۔

تازہ آتشزدگی کے معاملے میں سعودی حکام نے فی الحال اسے کسی حملے سے منسلک نہیں کیا اور نہ ہی اس کی وجہ بیان کی ہے جبکہ حوثیوں سمیت کسی تنظیم نے آتشزدگی کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

Related Posts