بیگ کھلا تو 29 قیمتی کیمرے ہوئے برآمد! کراچی ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والا مسافر دھر لیا گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ پاکستان کسٹم)

کراچی ایئرپورٹ پر کسٹمز نے دبئی سے آنے والے مسافر کے سامان سے 55 لاکھ روپے مالیت کی غیر ظاہر شدہ الیکٹرانکس برآمد کرلی۔ حکام کے مطابق مسافر فلائٹ FZ-335 کے ذریعے دبئی سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا تھا جہاں اس کے سامان اور کندھے پر موجود بیگ کو اسکیننگ کے لیے چیک کیا گیا تو مشکوک اشیا کی نشاندہی ہوئی۔

ایکس رے اسکیننگ مشین میں مہنگی الیکٹرانک اشیا کی موجودگی کا پتا چلنے پر مسافر کو گرین چینل کے بجائے ریڈ چینل کی جانب منتقل کیا گیا۔ کسٹمز حکام نے کاؤنٹر پر سامان کی تفصیلی تلاشی لی تو اس میں 29 کیمرے موجود تھے جن میں 6 سونی، ایک نِکون اور 3 کینن ڈی ایس ایل آر سمیت 19 ڈیجیٹل کیمرے شامل تھے۔

حکام کے مطابق سامان سے کیمروں کے علاوہ 5 کیمرہ لینز اور 10 فٹنس بینڈز بھی برآمد کیے گئے جبکہ دیگر مختلف نوعیت کی الیکٹرانک اشیا بھی مسافر کے سامان میں موجود تھیں۔ کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی ان میں سے کوئی بھی اشیا مسافر نے ڈکلیئر نہیں کی تھیں۔

Image

پاکستان کسٹمز نے تمام سامان کسٹمز ایکٹ 1969 کی متعلقہ دفعات کے تحت تحویل میں لے لیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

پاکستان کسٹمز کا کہنا ہے کہ ذاتی سامان کی آڑ میں تجارتی پیمانے پر اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ ادارے کے مطابق ملک بھر کے تمام بین الاقوامی داخلی مقامات پر مسافروں اور ان کے سامان کی جانچ مزید موثر بنانے کے لیے سخت نگرانی برقرار رکھی جائے گی۔

Related Posts