خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں صحت کے شعبے سے ایک اہم خبر سامنے آئی ہے جہاں سیدوشریف اسپتال کی انتظامیہ نے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے 6 افغان ڈاکٹروں کو ہاؤس جاب سے روک دیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق یہ کارروائی پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کی جانب سے موصول ہونے والے آفیشل مراسلے کے تناظر میں کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے ان تمام افغان ڈاکٹروں کو فوری طور پر ہاسٹل کی عمارت خالی کرنے اور پاکستان سے واپس جانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اسپتال کا کہنا ہے کہ یہ فیصلے وفاقی حکومت اور وزیراعظم پاکستان کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔
ایک اور پیش رفت میں، محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے بھی سخت ایکشن لیتے ہوئے صوبے کے مختلف اسپتالوں اور طبی مراکز میں خدمات انجام دینے والے 30 ڈاکٹروں کو نوکری سے برخاست کرنے کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے دی گئی تفصیلات کے مطابق برطرف کیے جانے والے ان ڈاکٹروں پر یہ سنگین الزامات عائد تھے کہ ان کی پی ایم ڈی سی رجسٹریشن جعلی تھی اور وہ غیر قانونی تقرریوں کے ذریعے ان عہدوں پر قابض تھے یہ تمام فارغ شدہ ڈاکٹرز خیبرپختونخوا کے مختلف سرکاری ہیلتھ سینٹرز میں تعینات تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








