قومی خزانے کو اربوں کا چونا لگانے والے بجلی چوروں کے خلاف پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شکنجہ انتہائی کسا جا چکا ہے۔
لاہور میں بجلی چوری کے مکروہ دھندے کے خلاف پولیس اور لیسکو نے مشترکہ طور پر دھواں دار کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے دوران رواں سال کے دوران بجلی چوری میں ملوث 12 ہزار 172 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
لاہور پولیس کے ترجمان کے مطابق شہر کے مختلف تھانوں میں ان قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف 10 ہزار 867 مقدمات بھی درج کیے جا چکے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے طول و عرض میں بجلی چوری کی بیخ کنی کے لیے پولیس اور لیسکو کی مشترکہ ٹیمیں مسلسل چھاپے مار رہی ہیں۔
2026:بجلی چوری میں ملوث 12ہزار سے زائدافرادگرفتار
٭ بجلی چوری کے خلاف پولیس اور لیسکو کی ٹیمیں مسلسل سرگرمِ عمل ہیں۔سی سی پی او لاہور#capitalcitypolicelahore #lahorepolice #PunjabPolicePakistan #electrictheft pic.twitter.com/PgP3yajdqi— Capital City Police Lahore (@ccpolahore) August 8, 2026
ان کارروائیوں کے دوران بجلی کے میٹروں میں کی جانے والی ٹمپرنگ، غیرقانونی کنڈوں کے استعمال اور بجلی چوری کے لیے آزمائے جانے والے دیگر تمام ذرائع کے خلاف آہنی ہاتھوں سے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی کے میٹرز میں ٹمپرنگ، کنڈوں اور دیگر غیرقانونی ذرائع سے بجلی استعمال کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بھرپور اور سخت کارروائی کی جائے۔
سی سی پی او لاہور کا مزید کہنا تھا کہ صرف براہ راست چوری کرنے والے ہی نہیں بلکہ بجلی چوری میں سہولت کاری کے فرائض انجام دینے والے عناصر بھی اب قانون کی گرفت سے کسی صورت نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بجلی چوری میں استعمال ہونے والی جدید ڈیوائسز تیار کرنے والے افراد کے خلاف بھی کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے۔
بلال صدیق کمیانہ نے عزم ظاہر کیا کہ بجلی چوری کے ناسور کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس اور لیسکو کی ٹیمیں بجلی چوری کی مکمل روک تھام اور قیمتی قومی وسائل کے تحفظ کے لیے اپنی مشترکہ کارروائیوں کو مزید مؤثر اور تیز بنائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








