آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے 2 اضلاع کی 4 نشستوں پر آج پولنگ کا عمل جاری ہے، جہاں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔ ان حلقوں میں مجموعی طور پر 82 امیدوار انتخابی میدان میں اتر چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق باغ کے تین حلقوں، غربی باغ، وسطی باغ اور شرقی باغ، جبکہ ضلع حویلی کے واحد انتخابی حلقے میں آج ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی اور شام 5 بجے تک جاری رہے گی، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج سامنے آئیں گے، تاہم سرکاری نتائج کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ضلع حویلی سے موجودہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑرہے ہیں، جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز ہیں۔ اس مقابلے کو ڈویژن کا سب سے بڑا انتخابی معرکہ قرار دیا جارہا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ کے لیے انتخابی عملہ، سیکیورٹی اہلکار اور ضروری انتخابی سامان متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک پہنچا دیا گیا ہے۔ پولنگ کا عمل پرامن اور شفاف رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
تیسرے مرحلے میں ضلع باغ کی 3 اور ضلع حویلی کے ایک حلقے میں ووٹنگ ہورہی ہے۔ پولنگ اسٹیشنز کے اطراف سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں اور انتخابی عمل کی نگرانی کی جارہی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے بتایا کہ سیکیورٹی وجوہات اور موجودہ حالات کے پیش نظر پہلے مرحلے میں باغ اور حویلی کی 4 نشستوں پر انتخابات مکمل کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ 7 روز کے دوران راولاکوٹ اور سدھنوتی کے 7 حلقوں میں بھی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے، تاہم امیدواروں کو انتخابی مہم کے لیے مناسب وقت دیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








