پاک بحریہ کے جہاز تیمور کادورہِ سری لنکا، بحری مشق میں شرکت

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاک بحریہ کے جہاز تیمور نے جذبہ خیر سگالی کے تحت کولمبو سری لنکا کا دورہ کیا۔ بندرگاہ آمد پر سری لنکن بحریہ کے جہازوں، سری لنکن بحریہ حکام اور کولمبو میں پاکستانی ہائی کمیشن کے دفاعی اتاشی نے پاک بحریہ کے جہاز تیمور کا پر تپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سری لنکا کے ملٹری بینڈ نے استقبالیہ دُھنیں بجائیں۔

بندرگاہ کے دورے کے دوران پی این ایس تیمور کے کمانڈنگ آفیسر نے سری لنکن بحریہ کے ویسٹرن نیول ایریا کمانڈر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفت و شنید کے علاوہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

کمانڈنگ آفیسر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے سری لنکا کے عوام کے لئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

پی این ایس تیمور نے سری لنکا میں پاکستان کے یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی بھی منائی۔

جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے پاکستانی ہائی کمیشن میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ جہاز پر بھی یوم آزادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سری لنکن بحریہ کے سینئر حکام سمیت دیگر ممالک کے سفارتی حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پاک بحریہ کے افسران نے سری لنکن بحریہ کے جہاز SINDURALA کا بھی دورہ کیا۔

دورے کے اختتام پر پی این ایس تیمور نے میری ٹائم ڈومین میں مشترکہ آپریشن کی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے سری لنکن بحریہ کے جہاز کے ساتھ دو طرفہ بحری مشق لائن اسٹار میں شرکت کی۔

پی این ایس تیمور کا حالیہ دورہ سری لنکا دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Related Posts