اپنے فن سے ایک عالم کو گرویدہ بنانے والی قرۃ العین اعجاز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے اپنی تمام تر نعمتوں کے ساتھ ساتھ باصلاحیت اور ہنر مند شخصیات سے بھی نوازا ہے جو اپنے فن میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے۔

آج ہم آپ کو ملواتے ہیں ایک ایسی کی ہنرمند خاتون سے جنہوں نے حجاب کے باوجوداپنے فن سے ایک عالم کو اپنا گرویدہ بنالیا ہے۔

قرۃ العین اعجاز ایک گرافٹی  آرٹسٹ ہیں، ان کا کہنا ہے کہ مجھے بچپن ہی سے مختلف اشکال بنانے کا شوق تھااور اسکول میں اس طرح کی چیزیں بنانے پر اساتذہ سے بھرپور داد ملتی تھی جس کی وجہ سے مجھے حوصلہ ملااور پھر ڈرائنگ سے آگے بڑھ کر اسکیچ بنانا شروع کیا اور رفتہ رفتہ شوق بڑھتا گیا اور کام میں مہارت آتی گئی جس کے بعد پینٹنگز، ٹرائبل ٹیٹوز، بلڈ آرٹ بنانا شروع کردیا۔

قرۃ العین اعجاز کا کہنا ہے کہ میرے دل میں ہمیشہ یہی ہوتا تھا کہ اب کچھ نیا کرکے دکھانا ہے اور اپنی شوق کو جنون کی حد تک لیجانے والی قرۃ العین اعجاز کا کہنا ہے کہ پینٹنگ اور اسکیچ تو ہر کوئی بناتا ہے یہ معمول بات ہے اس لئے میں چاہتی تھی کہ جو چیز غیر معمولی سمجھی جاتی ہے اس کی طرف توجہ دوں اور اس کو اگے لیکر جاؤں اور یہ ثابت کرنا ہے کہ لڑکیاں بھی یہ کام کرسکتی ہیں اور دوسری لڑکیوں کو بھی حوصلہ ملے ۔

ان کا کہنا ہے کہ نقاب یا حجاب آپ کو کسی بھی شوق کی تکمیل سے نہیں روکتا اور میں نے یہ کرکے دکھایا ہے کہ اگر آپ میں آگے بڑھنے کا شوق ہو تو آپ کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

قرۃ العین اعجاز کا کہنا ہے 2014 میں انہوں نے انٹر مکمل کیا اور اس کے بعد پہلی گرافٹی آرٹسٹ بنی لیکن میں خود کو پہلی فیمیل گرافٹی آرٹسٹ نہیں کہتی لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اور کوئی فیمیل گرافٹی آرٹسٹ نہیں ہے، کچھ لڑکیاں آئیں لیکن اپنے ذاتی یا گھریلو مسائل کی وجہ سے انہوں نے یہ شعبہ چھوڑ دیا۔

قرۃ العین اعجاز کا کہنا ہے کہ میرے لئے سب سے اچھی بات یہ ہے کہ میری شادی کے بعد شوہر اور سسرال کی طرف سے مجھے مکمل حمایت حاصل ہے اس لئے میرے اندر اعتماد ہے کیونکہ میرا خاندان مجھ پر بھروسہ کرتا ہے۔

لوگ کھڑے ہوکر دیواروں پر پینٹنگ کی وجہ سے گرافٹی آرٹ کو زیادہ عزت کی نگاہ سے نہیں دیکھتے لیکن بہت سے لوگ ایسے ہوتے ہیں جو حجاب میں دیواروں پر آرٹ بنانے میں آپ کو سپورٹ بھی کرتے ہیں اور آہستہ آہستہ لوگ عزت کرناشروع کردیتے ہیں۔

گرافٹی آرٹ کو سمجھنا تھوڑا سا مشکل کام ہے اور اس کو سمجھنے کیلئے مکمل توجہ درکار ہوتی ہے اور جب یہ لوگوں کو سمجھ میں آتا ہے تو وہ اور زیادہ عزت دیتے ہیں۔

قرۃ العین اعجاز کا کہنا ہے کہ عزت اور شہرت آسانی سے نہیں ملتی، آپ کسی بھی فیلڈ میں ہوں آپ کو بہت زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے اور بغیر محنت کے کچھ بھی حاصل کرنا ناممکن ہے۔