معیشت تباہ کرنے والوں کو وائٹ پیپر جاری کرنے پر شرم آنی چاہیے، مریم اورنگزیب

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پی ٹی آئی کی جانب سے وائٹ پیپر جاری کئے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستانی معیشت تباہ کرنے والوں نے ہی وائٹ پیپر جاری کردیا، ملک کو معاشی دیوالیے پر پہنچانے والوں کو وائٹ پیپر جاری کرنے پر شرم آنی چاہئے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وائٹ پیپر جاری کرنے والے نے اپنے دور میں ہنستے بستے پاکستان کو برباد کیا، کوئی بھی وائٹ پیپر آپ کی کرپشن کو وائٹ نہیں کرسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

اسرائیلی انتہا پسند وزیر مسجد اقصیٰ میں گھس گیا، مسلمان مشتعل

وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے گزشتہ دور میں پاکستان چھ فیصد کی شرح سے ترقی کررہا تھا، مہنگائی تین فیصد کی کم ترین سطح پر تھی، ن لیگ کے دور میں دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ن لیگ کے گزشتہ دور کی کامیابیاں بھی بتانی چاہئیے تھیں، ن لیگ کے دور میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں کم تھیں، نواز شریف کے دور میں لگائے گئے بجلی کے کارخانے عمران خان نے بند کردیئے تھے، عمران خان نے نیب کو استعمال کرکے ترقیاتی منصوبوں کو التواء کا شکار کیا۔

انہوں نے سوال پوچھا کہ عمران خان اپنی ناکامیوں پر وائٹ پیپر کیوں نہیں جاری کر رہےہیں، ان کے دور میں 75 سالہ ملکی تاریخ کے ریکارڈ قرضے لئے گئے، عمران خان کو اپنے چار سالہ دور کا حساب دینا ہوگا، ان کے دور میں مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچی۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ نواز شریف کے دور میں غریب کا چولہا جل رہا تھا، عمران خان کی وجہ سے غریب عوام کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے، عمران خان کی وجہ سے آج عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں چینی52 اور آٹا 35 روپے کلو ملتا رہا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وائٹ پیپر جاری کرنے والوں کو معاشی طور پر مستحکم پاکستان ملا تھا، ان کی نااہلی کی وجہ سے دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عوام کو آٹا تک میسر نہیں، مسلم لیگ نے ہمیشہ عوام کو ریلیف دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے ہر ممکن مشکل شرائط پر عالمی مالیاتی اداروں سے معاہدے کیے، وائٹ پیپر جاری کرنے سے عمران خان کے کرتوتوں پر پردہ نہیں پڑسکتا۔

Related Posts