پائپ لائن سے تیل چوری کرنے والوں کے خلاف بڑا وار! پی ایس او نے تفصیلات جاری کر دیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 15 اور 16 جولائی 2026 کی درمیانی شب سیہالہ اے آر ایل پائپ لائن سے تیل چوری کرنے والے منظم گروہ کو پکڑ لیا۔ یہ کارروائی خفیہ اطلاعات اور مسلسل نگرانی کی بنیاد پر کی گئی۔

پی ایس او حکام کے مطابق رات 11 بج کر 45 منٹ پر پائپ لائن میں اچانک دباؤ کم ہونے کی نشاندہی ہوئی جس کے بعد فوری طور پر مشتبہ مقام کی نگرانی اور پہلے سے موجود معلومات کی بنیاد پر متعلقہ اداروں کو الرٹ کیا گیا۔ مشتبہ جگہ کہوٹہ روڈ کے قریب واقع تھی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رات تقریباً 2 بج کر 15 منٹ پر موقع پر پہنچ کر ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزمان پائپ لائن سے غیر قانونی طریقے سے پٹرولیم مصنوعات نکالنے میں مصروف تھے۔

کارروائی کے دوران چوری میں استعمال ہونے والی دو گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں جن میں شہزور اور ہنڈائی ٹرک شامل تھے۔ حکام نے گاڑیوں سے تقریباً 800 لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) بھی برآمد کیا۔

اس کے علاوہ ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں سے تقریباً 1000 لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل، ڈرموں اور 20 و 50 لیٹر کے کینز سے مزید 200 لیٹر کے قریب ڈیزل بھی برآمد کیا گیا۔ تیل چوری کے لیے استعمال ہونے والا دیگر سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا۔

گرفتار ملزمان، ضبط شدہ گاڑیوں، برآمد شدہ پٹرولیم مصنوعات اور دیگر آلات کو مزید قانونی کارروائی کے لیے سیہالہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پی ایس او کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ کارروائی ایندھن چوری کے خلاف ادارے کی زیرو ٹالرنس پالیسی اور قومی توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ادارے نے کہا کہ بروقت نگرانی، موثر معلومات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے فوری تعاون سے یہ کامیابی حاصل ہوئی۔

Related Posts