سرجانی ٹاؤن میں ماں اور اس کے تین بچوں کے بہیمانہ قتل کی واردات کا معمہ حل ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہے جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے قریبی رشتہ دار کو حراست میں لے لیا۔
ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور اس کے تین بچوں کے قتل کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور واردات میں مبینہ طور پر مقتولہ کے شوہر کے بہنوئی ہمایوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق زیرِحراست ملزم سے مبینہ طور پر آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ ابتدائی تفتیش کے دوران اس نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر خاتون اور اس کے تین بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے بیان اور دیگر شواہد کی مزید جانچ جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق زیرِحراست شخص مقتول خاندان سے قریبی تعلق رکھتا تھا اور ماضی میں کچھ عرصے کے لیے اسی خاندان کے گھر میں کرایہ دار بھی رہ چکا ہے۔
تفتیشی حکام نے مقتولین کے اہلخانہ، قریبی جاننے والوں اور دیگر افراد سے پوچھ گچھ کے بعد مشتبہ شخص تک رسائی حاصل کی جس کے بعد اسے حراست میں لے کر تفتیش آگے بڑھائی گئی۔
واضح رہے کہ سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر ڈی 7 میں ایک گھر سے خاتون مہوش اور اس کے تین بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کی تھیں اور ابتدائی طور پر گھر میں ڈکیتی سمیت دیگر امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق قتل کے واقعے سے متعلق شواہد، زیرِحراست شخص کے بیان اور دیگر پہلوؤں کی چھان بین کا عمل جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








