کراچی: ٹی ایم سیز سینیٹری ورکرز کی بیوائیں واجبات سے محروم، عدالت نے درخواست نمٹا دی

تازہ ترین

تازہ ترین

سندھ ہائیکورٹ
(فوٹو: آن لائن)

کراچی: سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے حکومت کی یقین دہانی کے بعد ٹی ایم سیز کے مرحوم سینیٹری ورکرز کی بیواؤں کو واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق درخواست نمٹا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  درخواست کی سماعت کے دوران وکیل نے سندھ ہائیکورٹ کو بتایا کہ واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث مرحوم سینیٹری ورکرز کی بیوائیں اور اہل خانہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں، جس پر عدالت نے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

سماعت کے دوران کے ایم سی کے وکیل نے تمام واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی۔وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت واجبات کی ادائیگی کیلئے ماہانہ 20 کروڑ روپے فراہم کر رہی ہے۔ حکومت کو مزید فنڈز کی فراہمی کیلئے درخواست کی گئی ہے۔

کے ایم سی کے وکیل نے کہا کہ سندھ حکومت کو 9.8ارب روپے اضافی فنڈ فراہم کرنے کیلئے خط لکھا گیا ہے۔ سماعت کے دوران سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے کہ پنشن اور ریٹائرمنٹ کے واجبات ریٹائرڈ ملازمین کا قانونی حق ہیں۔

سندھ ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ انتظامی تاخیر یا محکموں کے درمیان معاملات کے باعث واجبات نہیں روکے جاسکتے۔ مرحوم ملازمین کے اہل خانہ کو 6ہفتوں میں تمام واجبات ادا کیے جائیں۔ عدالت نے وکیل کے ایم سی کی یقین دہانی پر ملازمین کے اہل خانہ کی درخواستیں نمٹا دیں۔

Related Posts