نجی دورے پر حکومتی جہاز کا استعمال! مریم نواز نے پونے 3 کروڑ روپے ادا کردیئے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے حالیہ لندن دورے کے لیے استعمال کیے گئے سرکاری طیارے کے اخراجات پنجاب حکومت کو ادا کردیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز نے دورے کے فضائی اخراجات اپنی جیب سے ادا کیے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے پنجاب حکومت کو مجموعی طور پر 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے ادا کیے گئے ہیں۔ یہ ادائیگی لندن کے حالیہ دورے کے دوران سرکاری طیارے کے استعمال کے اخراجات کی مد میں کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے دورہ لندن کیلئے سرکاری طیارے کے استعمال کی رقم ادا کردی

مریم نواز کا لندن کا حالیہ دورہ اس وقت توجہ کا مرکز بنا جب ان کے سرکاری طیارے کے استعمال پر سوالات اٹھائے گئے۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر نے لندن کی سواس یونیورسٹی سے علمِ بشریات میں اپنی تعلیم مکمل کی اور وزیراعلیٰ پنجاب اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن گئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق مریم نواز کا لندن قیام مختصر اور نجی نوعیت کا تھا اور اس دوران کوئی باقاعدہ سیاسی سرگرمی طے نہیں کی گئی تھی۔ انہوں نے اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کی جبکہ لندن میں مسلم لیگ ن کے برطانیہ میں موجود رہنماؤں سے ایک ملاقات بھی ہوئی۔

سرکاری طیارے کے استعمال پر وضاحت

وزیراعلیٰ پنجاب کے لندن دورے کے لیے سرکاری طیارے کے استعمال پر بحث سامنے آنے کے بعد پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے واضح کیا تھا کہ لندن کے دورے کے اخراجات مریم نواز خود برداشت کریں گی۔انہوں نے کہا تھا کہ دورے کے اخراجات وزیراعلیٰ کو ذاتی طور پر ادا کرنے ہوں گے۔

اب سامنے آنے والی ادائیگی کے مطابق 27,194,004 روپے پنجاب حکومت کو جمع کروائے گئے ہیں جس سے سرکاری طیارے کے استعمال سے متعلق اخراجات کی ادائیگی کا معاملہ بھی واضح ہوگیا ہے۔

پنجاب حکومت کے سرکاری طیارے پر پہلے بھی بحث

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پنجاب حکومت کے سرکاری طیارے کے استعمال اور اس کی خریداری پر رواں سال پہلے بھی سیاسی بحث سامنے آچکی ہے۔ فروری 2026 میں پنجاب حکومت کی جانب سے نئے طیارے کی خریداری کے معاملے پر بھی مختلف سیاسی حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے گئے تھے۔

Related Posts