اسلام آباد: پاکستانی قوم 1965 میں لڑی گئی پاک بھارت جنگ کے قومی ہیرو کا 86واں یومِ پیدائش آج منا رہی ہے جس کے دوران ایم ایم عالم کے جنگی کارنامے یاد کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایم ایم عالم کے جنگی کارنامے آج بھی نوجوان نسل کیلئے مشعلِ راہ ہیں، انہوں نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے اور ناقابلِ شکست رہے۔
ایم ایم عالم نے ڈھاکہ کے سرکاری ہائی اسکول سے 1951ء میں گریجویشن کی اور 1952ء میں پاک فضائیہ میں شامل ہوئے۔ ان کا خاندان 1971ء میں سقوطِ ڈھاکہ کے بعد پاکستان آگیا۔
جنگی پائلٹ کے طور پر ایم ایم عالم وہ پہلے شخص ہیں جن کا نام کراچی کے پی اے ایف میوزیم میں ہال آف فیم کی لسٹ میں سب سے اوپر درج ہے۔ سن 1965ء میں ان کی خدمات پر انہیں قومی ہیرو کا درجہ دیا گیا۔
حکومتِ پاکستان نے ایم ایم عالم کو ان کی ناقابلِ یقین خدمات کے اعزاز میں ستارۂ جرات سے نوازا۔ فضائی لڑائی کے دوران ایم ایم عالم نے بھارت کے 9 ہاکر ہنٹرز کو مار گرایا اور تاریخ رقم کردی۔
کم و بیش تیس سیکنڈ میں ایم ایم عالم نے 5 بھارتی طیارے گرائے جو ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔ سن 1982ء میں ائیر کموڈور کے طور پر ریٹائر ہونے والے ایم ایم عالم نے 18 مارچ 2013ء میں 77 سال کی عمر میں کراچی میں وفات پائی۔
گزشتہ روز پاکستانی قوم کے عظیم سپوت کیپٹن کرنل شیر خان کا 22واں یومِ شہادت منایا گیا۔ کیپٹن کرنل شیر خان نے دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا تھا کہ کیپٹن کرنل شیر خان نے اپنے خون سے تاریخ رقم کردی۔ مادرِ وطن کی حفاظت کیلئے کرنل شیر خان کا جوش و جذبہ اٹل تھا۔
مزید پڑھیں: قوم کے عظیم سپوت کیپٹن کرنل شیر خان کا 22واں یومِ شہادت