کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج تیزی کے بعد مندی کا رجحان غالب آگیا۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور معاشی صورتحال میں بہتری کے آثار سامنے نہ آنے پر سرمایہ کاروں کا رویہ محتاط رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس منفی زون میں بند ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج زبردست تیزی کے بعد مندی چھاگئی جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس منفی زون میں بند ہوا جبکہ آج کاروباری ہفتے کے چوتھے روز کاروبار کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا اور بینچ مارک انڈیکس میں 1200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ بھی دیکھا گیا تھا۔
اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران ایک موقعے پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1 لاکھ 78 ہزار 500 سے زائد کی سطح پر پہنچا تاہم اچانک اسٹاک مارکیٹ میں چھا جانے والی مندی نے کے ایس ای 100 انڈیکس کا رجحان منفی کردیا اور یہ منفی رجحان کاروباری دن کے اختتامی وقت تک برقرار رہا۔
بعد ازاں کے ایس ای 100 انڈیکس 47 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1 لاکھ 77 ہزار 322 پوائنٹس پر بند ہوا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100 انڈیکس 1 لاکھ 76 ہزار 370 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








