پاک روس مشترکہ فوجی مشق دروزبہ 9 اور پاک عمان مشترکہ فوجی مشق وشاق الجبل 2 کا آغاز ہوگیا۔ دونوں مشقوں میں پاک فوج کے ساتھ روسی فوج اور شاہی عمانی فوج کے دستے بھی شریک ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک روس مشق دروزبہ 9 کا آغاز چراٹ جبکہ پاک عمان مشق وشاق الجبل 2 نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں شروع ہوئی۔
دو ہفتوں پر مشتمل ان مشترکہ مشقوں کے دوران انسداد دہشت گردی کی مختلف مشقیں اور طریقہ کار پر تربیت دی جائے گی جبکہ شریک افواج اپنے آپریشنل تجربات اور بہترین عملی طریقہ کار بھی ایک دوسرے سے شیئر کریں گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مشترکہ تربیت کے ذریعے شریک افواج کی جنگی صلاحیتوں اور حربی مہارتوں میں مزید بہتری لائی جائے گی جبکہ مشقوں سے پاکستان، روس اور عمان کے درمیان دفاعی تعاون، باہمی رابطے اور مشترکہ کارروائیوں کی صلاحیت بھی مزید مضبوط ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








