کراچی کے پوش علاقے کلفٹن میں جرائم کی ایک واردات کے دوران تین تلوار کے قریب واقع ایک سپرمارٹ کے لاکر سے 50 لاکھ روپے سے زائد کی رقم چوری کرلی گئی۔
پولیس کے مطابق واردات میں ایک مرد اور ایک خاتون ملوث ہیں جنہوں نے مبینہ طور پر سپرمارٹ کے تالوں اور لاکر کی چابیاں استعمال کرتے ہوئے لاکر کھولا اور اس میں موجود خطیر رقم لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے جس میں مبینہ طور پر دونوں ملزمان کو لاکر کھولنے اور رقم لے کر سپرمارٹ سے فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے پاس چابیاں پہلے سے موجود تھیں، جس کے باعث شبہ ہے کہ انہیں سپرمارٹ کے اندرونی معاملات اور لاکر سے متعلق معلومات حاصل تھیں۔
پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








