کراچی: تین وحشی درندوں کی معصوم بچی کے ساتھ دکان میں جنسی زیادتی

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی کے علاقے لائنز ایریا، تھانہ بریگیڈ کی حدود میں انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں تین وحشی درندوں نے ایک کم سن لڑکی کو دکان کے اندر لے جا کر مبینہ طور پر اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ اجتماعی زیادتی کے اس ہولناک واقعے کے بعد متاثرہ بچی کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق درندگی کا شکار ہونے والی معصوم بچی کی حالت اس حد تک نازک ہے کہ اسے شدید زخموں کے باعث 12 سے 13 ٹانکے لگائے گئے ہیں۔ بچی اس وقت اسپتال میں زیرِ علاج ہے اور زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔
واقعے کے بعد پولیس کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واردات میں 3 افراد ملوث تھے، لیکن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے روایتی سستی کا مظاہرہ کیا اور صرف ایک ملزم کو گرفتار کیا، جبکہ دیگر دو ملزمان تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔
دوسری جانب متاثرہ خاندان پر بااثر افراد کی طرف سے شدید دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ غریب والدین کو دھمکایا جا رہا ہے کہ وہ ایک سے ڈیڑھ لاکھ روپے لے کر معاملہ رفع دفع کریں، بصورتِ دیگر انہیں سنگین نتائج بھگتنے اور “دوسرے طریقے سے نمٹنے” کی کھلی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ معصوم بچی کے والدین کا کہنا ہے کہ مقامی پولیس ان کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کر رہی بلکہ ملزمان کو تحفظ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
متاثرہ خاندان اور سول سوسائٹی نے وزیر داخلہ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دلخراش واقعے کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کی غفلت کی تحقیقات کی جائیں، مفرور ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور مظلوم خاندان کو سیکیورٹی فراہم کرتے ہوئے درندوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے۔

Related Posts