حافظ نعیم نے 12 ربیع الاول کے بعد پورا ملک جام کرنے کا اعلان کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

پشاور میں گورنر ہاؤس کے باہر جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کردیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی 12 ربیع الاول کے ایک ہفتے بعد ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کرے گی، جبکہ اس کے بعد اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ کی کال بھی دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت رات کی تاریکی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھاتی ہے، جبکہ اب ڈیزل کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ ان کے بقول روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا نظام ختم ہونا چاہیے اور پیٹرولیم لیوی کے ذریعے عوام پر اضافی بوجھ ڈالنا بند کیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا کہ 7 اگست کو جماعت اسلامی نے ملک بھر کے 510 مقامات پر دھرنے دیے تھے اور آئندہ احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔

انہوں نے حکومت پر آئی ایم ایف کی پالیسیوں پر عمل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی مہنگائی، پیٹرولیم لیوی اور عوامی مسائل کے خلاف اپنی احتجاجی مہم جاری رکھے گی۔

Related Posts